نارتھ کراچی میں غیاث بیکری روڈ کی تعمیر کا آغاز
ترقیاتی کام سڑکوں تک محدود نہیں ،ہر شعبے میں اقدامات جا ری،محمدیوسفسڑک کو جدید طرز پر پیور بلاک سے تعمیر کیا جائے گا، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن
کراچی(این این آئی)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نارتھ کراچی سیکٹر سی 35میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور غیاث بیکری والی اہم سڑک کی پیور بلاک سے تعمیر کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر یونین کونسل نمبر 3 کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز اور علاقے کے معززین و شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چیئرمین محمد یوسف نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیاث بیکری والی سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے اس اہم شاہراہ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے مکمل سڑک کو جدید طرز پر پیور بلاک سے تعمیر کیا جائے گا۔
جس سے نہ صرف آمدورفت آسان ہوگی بلکہ علاقے کی مجموعی خوبصورتی اور انفراسٹرکچر میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برس سے سندھ حکومت کی جانب سے نیو کراچی ٹاؤن کو کوئی ترقیاتی فنڈ فراہم نہیں کیا گیا، اس کے باوجود ٹاؤن انتظامیہ اپنے محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام صرف سڑکوں تک محدود نہیں بلکہ ہر شعبے میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، لیکن ان کی حفاظت عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ اگر اہلِ علاقہ سڑکوں، پارکوں، اسٹریٹ لائٹس اور گرین بیلٹس کی حفاظت کریں گے تو یہ سہولیات زیادہ عرصے تک عوام کے استعمال میں رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments