یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین جلد کھولنے کا فیصلہ
ریڈ لائن منصوبہ عوام کیلئے انقلابی سفری منصوبہ، بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ،شرجیل میمن متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر منصوبہ مکمل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں ،سینئر وزیر کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے کراچی کی ٹریفک میں بہتری اور شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین جلد کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس فیصلے کا اعلان سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں اور مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس کراچی زبیر چنہ، منصوبے کے کنسلٹنٹس اور متعلقہ اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران منصوبے کے مختلف سیکشنز پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور ان کے فوری حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور مختلف حصوں پر پیش رفت کو مزید تیز کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک اہم اور انقلابی سفری منصوبہ ہے ، جس کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر منصوبہ مکمل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کو بہتر، محفوظ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ ملے گا، ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور لاکھوں شہریوں کو معیاری، آرام دہ اور پائیدار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments