مرکزی جامع مسجد شریں والا میں فکرِ رضا کانفرنس کا انعقاد
اعلیٰ حضرتؒ کی زندگی علم، عمل، تقویٰ اور عشقِ رسول ؐ کا روشن نمونہ تھی:ڈاکٹر اقبال
بلوچنی (نمائندہ دنیا )مرکزی جامع مسجد شریں والا میں اعلیٰ حضرت عظیم البرکت، امام اہلِ سنت امام احمد رضا خان فاضل بریلویؒ کی دینی، علمی، تعلیمی اور اصلاحی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے فکرِ رضا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے صاحبزادہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال اکرم قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ڈاکٹر محمد اقبال اکرم قادری نے کہا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خانؒ برصغیر کی علمی و دینی تاریخ کی عظیم ہمہ جہت شخصیت تھے ، جنہوں نے قرآن و سنت، فقہ، حدیث، تفسیر اور عقائد سمیت مختلف علوم میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی علمی بصیرت اور فقہی مہارت نے مسلمانوں کی دینی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حضرتؒ کی زندگی علم، عمل، تقویٰ اور عشقِ رسول ﷺ کا روشن نمونہ تھی۔ آپؒ نے اپنی تصانیف، فتاویٰ اور شاعری کے ذریعے محبتِ رسول ﷺ کا پیغام عام کیا، جبکہ حدائقِ بخشش عشقِ رسول ﷺ کے جذبات کی عظیم ادبی و روحانی ترجمانی ہے ۔مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو قرآن و سنت، اسلاف کی علمی میراث اور دینی و اخلاقی اقدار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments