تاجر دوست سکیم، گوشوارہ پر 25 ہزار جمع کرانا ہونگے
نارمل ریٹرن جمع کرانے والے تاجروں پر اضافی پابندی عائد نہیں کی گئی ، ایف بی آر جدید ڈیٹا بیس سسٹم متعارف کرا رہا جس سے ٹیکس نظام مزید مؤثر اور شفاف ہوگا آگاہی کیلئے سیمینارز کے علاوہ مارکیٹوں میں جا کر تاجروں کو رہنمائی بھی فراہم کی جائیگی، ایف بی آر کا عملہ سالانہ گوشوارے جمع کرانے میں معاونت فراہم کرے گا،چیف کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چیف کمشنر ایف بی آر سرگودھا ریجن نورین یعقوب نے کہا ہے کہ تاجر دوست اسکیم کے تحت سالانہ گوشوارہ جمع کرانے والے تاجروں کو 25 ہزار روپے جمع کرانا ہوں گے ، جبکہ نارمل ریٹرن جمع کرانے والے تاجروں پر کوئی اضافی پابندی عائد نہیں کی گئی ،سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے نورین یعقوب نے کہا کہ حکومت تاجروں کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور سہولیات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے ، ایف بی آر جدید ڈیٹا بیس سسٹم متعارف کرا رہا ہے جس سے ٹیکس نظام مزید مؤثر اور شفاف ہوگا۔ تاجروں کو ٹیکس معاملات میں مکمل رہنمائی اور تعاون فراہم کیا جائے گا،پی او ایس مشینوں کا فعال ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ، تاہم بعض تاجروں نے دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مشینیں نصب یا فعال نہیں کیں۔ ایف بی آر تاجر دوست اسکیم سے متعلق آگاہی کیلئے سیمینارز کے علاوہ مارکیٹوں میں جا کر تاجروں کو رہنمائی بھی فراہم کرے گا،صدر سمال چیمبر محمد حسن یوسف نے آسان ٹیکس نظام اور تاجر دوست پالیسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی تاجر کی دکان یا پلازہ سیل کرنے سے قبل متعلقہ چیمبر کو اعتماد میں لیا جائے ۔ صدر مرکزی انجمن تاجران شیخ ندیم خاور نے بھی تاجروں کیلئے آسان اور کاروبار دوست ٹیکس پالیسیوں پر زور دیا ،چیف کمشنر ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ سمال چیمبر سمیت دونوں چیمبرز میں ایف بی آر کا عملہ موجود رہ کر تاجروں کو سالانہ گوشوارے جمع کرانے میں معاونت فراہم کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments