مزدوروں کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر کے دفتر کے سامنے دھرنا
مزدوروں کو مبینہ طور پر لیبر دفتر سے نکالنے کیخلاف احتجاج کا دائرہ بڑھانے کا اعلان
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مزدوروں کو مبینہ طور پر لیبر دفتر سے نکالنے اور ان کی شکایات نہ سننے کے معاملے پر مزدوروں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر جھنگ کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دے دیا۔ احتجاج میں نائب صدر چودھری اکبر جٹ، سیکٹر صدر نور خان بلوچ، ترجمان علی سفیان انصاری سمیت مزدوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مزدور رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ لیبر افسر نے ان کی بات سننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں مبینہ طور پر دفتر سے باہر نکال دیا، جس پر مزدوروں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جھنگ شہر کے مزدوروں کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزدوروں کی اکثریت اپنے بنیادی لیبر حقوق سے محروم ہے ۔مزدور رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور کمشنر فیصل آباد ڈویژن سے مطالبہ کیا کہ ورکرز کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر جھنگ کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جھنگ کے دفتر کے سامنے بھی احتجاج کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments