ڈائریکٹر لائیوسٹاک کا چنیوٹ کا دورہ، ویٹرنری سہولیات کا جائزہ
ڈسٹرکٹ ڈائیگناسٹک لیبارٹری کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ ،آپریشن تھیٹر بھی دیکھے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع چنیوٹ کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک چنیوٹ ڈاکٹر عطا سبحانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کے زیر نگرانی جاری ترقیاتی منصوبوں، ویٹرنری انفراسٹرکچر، جدید طبی و تشخیصی سہولیات اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمانہ تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس، سول ویٹرنری ہسپتال، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس اور ڈسٹرکٹ ڈائگناسٹک لیبارٹری چنیوٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جاری تعمیر و مرمت، ویٹرنری طبی سہولیات، ویکسین و میڈیسن سٹور، سہولت مرکز سمیت دیگر دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر حیدر علی خان نے ڈسٹرکٹ ڈائیگناسٹک لیبارٹری کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار، پائیداری اور تمام ضروری تکنیکی تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال چنیوٹ میں نئے تعمیر شدہ جدید آپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا اور اسے ویٹرنری سروسز کو مزید مؤثر، معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments