جماعت اسلامی کا احتجاج ڈویژنل و ضلعی سطح تک پھیلانے کا فیصلہ
ملک بھر میں گلی محلوں کی سطح پر بھی احتجاج اور دھرنے دیے جائیں گے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور مبینہ ظالمانہ لیوی ٹیکس کے خلاف جاری تحریک اور دھرنوں کو ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز تک پھیلانے کا فیصلہ کرلیا۔ جماعت اسلامی کے مطابق ملک بھر میں گلی محلوں کی سطح پر بھی احتجاج اور دھرنے دیے جائیں گے ۔ 28 اگست کو فیصل آباد، 30 اگست کو راولپنڈی، 4 ستمبر کو سوات اور 11 ستمبر کو ہزارہ میں جلسے منعقد کیے جائیں گے ۔ضلعی امیر جماعت اسلامی محبوب الزماں بٹ نے 28 اگست کو فیصل آباد میں ہونے والے جلسہ عام کے لیے میاں طاہر ایوب کو انتظامی کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔ انہوں نے کمیٹی ارکان کے ہمراہ جلسے کے لیے مجوزہ مقام کا دورہ کیا اور بیرون چنیوٹ بازار سرکلر روڈ پر جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو باضابطہ درخواست بھی جمع کرا دی گئی ہے ۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر پاکستانی کا حق ہے ، حکومت نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو وہ خود اس کے نتائج کی ذمہ دار ہوگی۔ عوام حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ، جبکہ مہنگائی اور بھاری بلوں سے متاثرہ شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور مبینہ ظالمانہ لیوی ٹیکس کے خاتمے تک جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments