مدارس دہشتگردی کیخلاف مضبوطی سے کھڑے :طاہر اشرفی
مدارسِ عربیہ کے مسائل حل کیلئے آج اہم اجلاس بلا لیا، اہم پیشرفت متوقع :خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)چیئرمین پاکستان علماکونسل و وزیراعظم کے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک کے مدارس انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف مضبوطی سے کھڑے ہیں ، دینی مدارس اور ان کی قیادت بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، رواداری، امن اور قومی وحدت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن (ڈی جی آر ای)کا آج منگل کو اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں میں مدارس کی رجسٹریشن، بینک اکاؤنٹس اور دیگر انتظامی امور سمیت درپیش مسائل کے حل کیلئے اہم پیشرفت متوقع ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظام المدارس کے زیرِ اہتمام پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان میں تقریباً 33 ہزار مدارس ہیں، جن میں سے 22 ہزار ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکے ، جو مدارس پرانے نظام کے تحت اپنی رجسٹریشن جاری رکھنا چاہتے ہیں ان پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا متحدہ مدارس کونسل مدارس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مسلسل کوشاں ہے ،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے مدارس کے مسائل کے حل میں مسلسل دلچسپی اور ہدایات کو سراہتے ہیں ۔ امید ہے حکومت، دینی تعلیمی بورڈز اور مدارس کے درمیان مسلسل رابطہ کاری اور تعاون سے مدارس کے دیرینہ مسائل حل ہونگے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments