جدید طرزِ کاشت سے غذائی استحکام یقینی بنانا ہوگا:ڈاکٹر ذوالفقار

جدید طرزِ کاشت سے غذائی استحکام یقینی بنانا ہوگا:ڈاکٹر ذوالفقار

زرعی تعلیم کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جائزہ انتہائی اہم

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تغیرات کے تناظر میں جدید طرزِ کاشت کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ زیادہ قوتِ مدافعت کی حامل اجناس کے ذریعے غذائی استحکام یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ٹیم کے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے موقع پر سنڈیکیٹ روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی سربراہی نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ایجوکیشن برائے زراعت کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر خالد سیف اللہ نے کی، جبکہ وفد میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر ایکریڈیٹیشن ڈاکٹر ممتاز خان، کوآرڈینیٹر جاوید اقبال، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد، پروفیسر ڈاکٹر ایم رزاق، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اشرف اور ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن فیصل آباد ڈویژن خالد محمود شامل تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی تعلیم کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آزادانہ اور غیر جانب دارانہ جائزہ انتہائی اہم ہے ۔ جامعات کو تعلیمی تحقیق، زرعی توسیعی خدمات اور کاشتکار برادری کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانا ہوں گے تاکہ ملک کو درپیش غذائی تحفظ کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔پروفیسر ڈاکٹر خالد سیف اللہ نے کہا کہ مانیٹرنگ کے عمل کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے قومی معیار کے مقررہ پیمانوں پر پورا اتریں اور ایسے گریجویٹس تیار کریں جو عملی زرعی مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ انہوں نے غذائی تحفظ کے حوالے سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کردار اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...