ٹیکو پارک تزئین و آرائش کا منصوبہ تاخیر کا شکار، شہریوں کو مشکلات
باوجود کام کی رفتار سست ہونے اور مختلف مراحل میں تاخیر کے باعث منصوبہ نا مکمل
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) شہر کے وسط میں واقع تاریخی اہمیت کے حامل ٹیکو پارک کی تزئین و آرائش کا منصوبہ غیر معمولی تاخیر کا شکار ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے سے پارک کی افادیت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ٹیکو پارک شہر کے وسط میں واقع ہونے کے باعث عرصہ دراز سے شہریوں اور فیملیز کے لیے سیر و تفریح کا اہم مرکز چلا آ رہا ہے ۔ تاریخی حیثیت رکھنے والے اس پارک کی تزئین و آرائش اور بنیادی سہولیات میں بہتری کے لیے تقریباً 10 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا گیا تھا، جس سے شہریوں کو توقع تھی کہ پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کرکے خوبصورت اور مثالی تفریحی مقام بنایا جائے گا۔
تاہم منصوبہ شروع ہونے کے باوجود کام کی رفتار سست ہونے اور مختلف مراحل میں تاخیر کے باعث یہ منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ تعمیراتی کام ادھورا ہونے سے پارک آنے والے شہریوں کو آمدورفت، بیٹھنے اور دیگر تفریحی سہولیات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ نامکمل کام سے پارک کی خوبصورتی اور مجموعی ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں پہلے ہی معیاری اور وسیع تفریحی مقامات کی کمی ہے ، اس لیے تاریخی ٹیکو پارک کی بحالی اور تزئین و آرائش کا منصوبہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ محکمے منصوبے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر باقی ماندہ کام کی تکمیل کے لیے واضح ٹائم فریم مقرر کریں اور مزید تاخیر سے گریز کیا جائے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ٹیکو پارک کی تزئین و آرائش کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے اسے مکمل طور پر فعال کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments