ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس، چائلڈ لیبر کے 24 مقدمات
13 کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ،دیگر مقدمات زیر کارروائی ہیں:بریفنگ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر قمر وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل سکیورٹی مدثر سیال، کمیٹی ممبر میاں عاطف سعید، مزدور تنظیموں کے نمائندگان سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر قمر وڑائچ نے بتایا کہ ضلع بھر میں بانڈڈ لیبر کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ ماہ چائلڈ لیبر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 مقدمات درج کروائے گئے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ رواں سال اب تک چائلڈ لیبر کے حوالے سے 24 مقدمات درج ہوئے ہیں، جن میں سے 13 کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں جبکہ دیگر مقدمات زیر کارروائی ہیں۔ اجلاس میں سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجرا کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس نے ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں سمیت تمام اہل ورکرز کے سوشل سکیورٹی کارڈز ترجیحی بنیادوں پر بنائے جائیں تاکہ وہ حکومتی گرانٹس اور فلاحی سکیموں سے مستفید ہو سکیں۔ بھٹہ مزدوروں کے شناختی کارڈز کے اجرا کے لیے نادرا موبائل وین بھجوانے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں انچارج چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو گلشن اسلم نے چائلڈ لیبر اور خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں سے متعلق بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments