سائبر کرائم کیخلاف کارروائیاں تیز، رواں ماہ 29 ملزمان گرفتار
مالی فراڈ کیسز میں 12 ملین روپے ریکوری کر لی:ایڈیشنل ڈائریکٹر اعجاز
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اعجاز نے رواں ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ سائبر کرائم کیخلاف کارروائیوں کے د وران 29 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں، ان میں غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے برطانیہ کے شہریوں سے فراڈ کرنیوالے ملزمان بھی شامل ہیں ، خواتین کو ہراساں کرنے اور چائلڈ پورنوگرافی کے کیسز میں بھی 8 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ ریاست مخالف پوسٹس کرنے پر رواں ماہ 24 انکوائریز کی گئیں، 12 گرفتاریاں کیں اور 15 مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی جرائم تیزی سے پھیل رہے ہیں، نوسرباز لوگوں کو کالز کے ذریعے پاس ورڈ حاصل کرکے اور لنکس بھیج کر رقوم لوٹ رہے ہیں۔
فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا کیس میں 35 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کے حوالے سے کارروائی جاری ہے ،جی سی یونیورسٹی کے ڈیجیٹل سسٹم میں داخل ہو کر طلبہ و طالبات کے امتحانی نمبرز تبدیل کرنے والے ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر اعجاز نے مزید کہا کہ نفری بڑھانے کیلئے اسلام آباد پولیس سے 100 اہلکاروں کی نفری حاصل کر لی گئی ہے ،ایف آئی اے سے بھی نفری لینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،موبائل سم کے اجرا کے حوالے سے پیکا میں بھی شق شامل کی جاچکی ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مالیاتی فراڈ کے درج مقدمات میں 12 ملین روپے کی ریکوری کی گئی ، چھ گاڑیاں اور 200 کنال زمین بھی ریکور کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments