ایئر بیس رفیقی کی فضائی حدود میں پرندوں کے تدارک کاجائزہ

ایئر بیس رفیقی کی فضائی حدود میں پرندوں کے تدارک کاجائزہ

ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

 ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایئر بیس رفیقی کی فضائی حدود میں پرندوں کی موجودگی سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات اور ان کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر حاکم خان، اسسٹنٹ کمشنر شفیق ڈوگر، ڈی ایس پی آصف شاہ شیرازی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک، ایئر بیس رفیقی کے نمائندگان، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہری و دیہی علاقوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں، مردہ جانوروں اور پولٹری فضلے کو فوری اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ہدایت کی گئی تاکہ پرندوں کو خوراک کی دستیابی اور اجتماع کے مواقع ختم کیے جا سکیں۔ متعلقہ محکموں کو ایسے مقامات کی نشاندہی کرکے صفائی کے مؤثر انتظامات کرنے کے علاوہ ایئر بیس رفیقی کے گردونواح میں جنگلی جھاڑیوں کی صفائی اور درختوں کی مناسب تراش خراش یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے پتنگ بازی، کبوتر بازی اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر نگرانی اور قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے زرعی رقبوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کا عمل روکنے اور تمام محکموں کو اپنی ذمہ داریاں فعال انداز میں ادا کرنے پر بھی زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فضائی سلامتی اہم قومی ذمہ داری ہے ، جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ صفائی کا خیال رکھیں اور ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جن سے پرندے جمع ہوں یا ان کی توجہ مبذول ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...