زکریا یونیورسٹی لکڑی چوری کیس کی انکوائری مکمل، رپورٹ تیار
انکوائری افسر نے تمام فریقین کے دوبارہ بیانات اور سوالناموں کے جوابات حاصل کرلئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ملتان میں لکڑی کی مبینہ چوری کے معاملے کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے اور حتمی رپورٹ آئندہ 24 گھنٹوں میں اعلیٰ حکام کو پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔ انکوائری افسر ڈاکٹر محمد ساجد طفیل نے گزشتہ روز تمام متعلقہ فریقین کے دوبارہ بیانات قلمبند کرنے کے ساتھ مختلف سوالات پر مشتمل پرفارمے بھی مکمل کروا لئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی میں لکڑی کی مبینہ چوری کے معاملے پر انتظامیہ نے تحقیقات شروع کی تھیں، جن میں ٹرانسپورٹ آفیسر محمد اکرم پر مبینہ طور پر لکڑی چوری میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے تھے ۔ تحقیقات کے لئے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر محمد ساجد طفیل کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا تھا۔انکوائری کے دوران سکیورٹی آفیسر، متعلقہ سکیورٹی اہلکاروں، ڈرائیور، ٹرانسپورٹ آفیسر محمد اکرم اور دیگر متعلقہ افراد کو طلب کرکے بیانات قلمبند کئے گئے ۔ مختلف مراحل میں ان سے پوچھ گچھ بھی کی گئی اور معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لئے ضروری ریکارڈ اور شواہد حاصل کئے گئے ۔ذرائع کے مطابق انکوائری کے آخری مرحلے میں تمام فریقین کو دوبارہ طلب کرکے ان کے بیانات قلمبندکئے گئے اور سوالات پر مشتمل پرفارمے فراہم کئے گئے ، جن کے جوابات بھی وصول کرلئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اسی دوران یونیورسٹی کے شعبہ ٹرانسپورٹ میں مبینہ پٹرول چوری کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا، جس کے بعد انتظامی نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھائے گئے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments