اراضی ریکارڈ تبدیل ، پٹواری کی عبوری ضمانت خارج،فرار
پٹواری تسنیم رضا دفتر بند کرکے روپوش ،فوری گرفتارکیاجائے :مدعی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جعل سازی اور سرکاری ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل کے الزام میں پٹواری کی عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ 156 کنال اراضی کے فرد روزنامچہ میں مبینہ تبدیلی کے معاملے پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے ۔ذرائع کے مطابق جعل سازی، دھوکہ دہی اور سرکاری اراضی کے ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل کے الزام میں اینٹی کرپشن کے مقدمے کا سامنا کرنے والے پٹواری تسنیم رضا کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے کے بعد مبینہ طور پر فرار ہونے کی اطلاع ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹواری دفتر بند کرکے روپوش ہو گیا ہے ۔مدعی محمد انور ولد بہادر خان سکنہ موضع چیلہ کی درخواست پر انکوائری کے بعد تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ پٹواری تسنیم رضا نے مبینہ طور پر ساز باز کرکے 156 کنال اراضی کے فرد روزنامچہ میں ردوبدل کیا اور دھوکہ دہی سے اراضی کسی دوسرے شخص کے نام منتقل کرنے کی کوشش کی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی تھی، تاہم گزشتہ دنوں عدالت کی جانب سے ضمانت خارج ہونے کے بعد وہ مبینہ طور پر دفتر بند کرکے روپوش ہو گیا۔ مدعی محمد انور نے اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مبینہ طور پر تبدیل کیے گئے اراضی ریکارڈ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments