والدہ کیساتھ رقم لینے آئی بچی ٹریکٹر ٹرالی تلے آکر جاں بحق
چک نمبر 586 کے یوسف کی اہلیہ بیٹی کیساتھ بی آئی ایس پی کی رقم لینے آئی تھی
بچیانہ (نمائندہ دنیا) والدہ کے ہمراہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لینے آئی اڑھائی سالہ بچی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی قبضے میں لے کر مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح نواحی گاؤں چک نمبر 586 گ ب کے رہائشی محمد یوسف کی اہلیہ اپنی اڑھائی سالہ بیٹی عائشہ کے ہمراہ گاؤں سے ملحقہ آبادی جھگیاں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لینے آئی ہوئی تھی۔ اس دوران قریب سڑک پر آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے کم سن عائشہ کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ بچیانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بچی کی لاش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی قبضے میں لے کر مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ کم سن بچی کی اچانک موت پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments