ملکوال :سسٹم ڈاؤن ‘ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے خوار
کام چھوڑ کر لائنوں میں نہیں لگ سکتے :شہری ‘فوری سہو لت فراہم کر رہے :ترجمان پو لیس
ملکوال(نمائندہ دنیا )ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے سختی لیکن سسٹم ڈاؤن ہونے سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے آنے والے خوار ہو گئے ۔ ملکوال میں بھی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں شہریوں کے چالان کئے جا رہے ہیں جبکہ مقدمات کا اندراج بھی کیا جا رہا ہے جس کے باعث ڈرائیونگ لائسنس سنٹر پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ۔ شہریوں نے بتایا کہ وہ کام کاج چھوڑ کر علی الصبح لائسنس کے حصول کے لئے آتے ہیں مگر انہیں سسٹم ڈاؤن ہونے کا کہہ کر گھنٹوں لائنوں میں کھڑا رکھا جاتا ہے اور آخر انہیں بغیر لائسنس بنوائے ہی واپس جانا پڑتا ہے جبکہ واپسی پر چالان اور ایف آئی آر کی تلوار بھی سر پر لٹکتی رہتی ہے ۔ مزدور شہریوں نے کہا کہ روزانہ کام چھوڑ کر سارا سارا دن لائنوں میں نہیں لگ سکتے ، لائسنس کیلئے پریشان حال شہریوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ ان کے لئے سہولت پیدا کریں اور سسٹم کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ٹریفک پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ہماری طرف سے ہر شہری کو فوری سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔