سکولوں کے ڈے کیئر سنٹرز میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ
خواتین ، بچوں کو پرسکون ، محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پی ڈی اینڈ سی ایف کے ذریعے سنٹرز کے قیام کی مہم عروج پر ، متعدد سنٹرز پر کیمرے غیر فعال، خراب ہونیکا انکشاف
ملتان( خصوصی رپورٹر)سکولوں میں قائم ڈے کیئر سنٹرز کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کافیصلہ تفصیل کے مطابق محکمۂ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے ڈے کیئر سینٹرز میں نگرانی کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوری تنصیب کا حکم جاری کردیا ہے اس سلسلے میں مراسلے کہاگیا ہے کہ خواتین کی معاونت اور اُن کے بچوں کے لئے محفوظ، پُرسکون اور شفاف ماحول فراہم کرنے کے لئے ‘‘PD&CF کے ذریعے ڈے کیئر سینٹرز کے قیام’’ کی مہم جاری ہے حالیہ مانیٹرنگ کے دوران متعدد ڈے کیئر مراکز میں سی سی ٹی وی سسٹمز کی عدم موجودگی یا خرابی کا انکشاف ہوا، جو بچوں کی حفاظت، شفافیت اور مؤثر سپرویژن کے لئے لازمی ہیں۔ لہٰذا تمام ڈے کیئر سینٹرز میں فعال کیمرے نصب کرنا فوری ضرورت قرار دیا گیا ہے ۔تمام اضلاع کے سی ای اوز ہدایات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں اور گائیڈ لائنز کو ہر سطح تک پہنچائیں، جبکہ تکمیل کی رپورٹ دس دن کے اندر محکمانہ ای میل پر ارسال کی جائے تاکہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جاسکے ۔