ایف بی آر کی ہراسمنٹ قبول نہیں: ڈاکٹرمیاںزاہد محمود
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کا اجلاس، ایف بی آر کی ہراسمنٹ کی شدید مذمت، پنجاب بھر میں ہسپتالوں کی تالہ بندی پر غورکیاگیا۔
تنظیم کے صدر ڈاکٹر میاں زاہد محمود کی زیر صدارت پی ایم اے ہائوس منعقدہ اجلاس میں شرک نے ایف بی آر کی کارروائیوں کیخلاف مذمتی قرار دادمنظور کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ دوطرفہ طے شدہ فارمولے کے تحت ہسپتالوں کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کے باوجود ایف بی آر کی ہراسمنٹ قبول نہیں۔ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کے ساتھ ایف بی آر کا رویہ انتہائی تضحیک آمیز ہے ۔ ہمیں ہسپتال بند کر کے سٹرکوں پر آنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ صدر پی ایم اے ڈاکٹر عارف الرحمن کا کہنا تھا کہ پی ایم اے کی زیرقیادت اس اہم ایشو پر جلد یکساں لائحہ عمل دینگے ۔ ایف بی آر نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو پورے پنجاب کے ہسپتال اور ڈاکٹر ہڑتال پر چلے جائینگے ۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تجمل بٹ کا کہنا تھا کہ ادارے علاج معالجے میں خلل ڈال رہے ہیں ،ہمیں ہسپتالوں کی تالہ بندی پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔