میونسپل کارپوریشن میں کرپشن ریکارڈضبط تحقیقات وسیع بعض افسر ملازمین غائب
اینٹی کرپشن حکام نے ریکارڈ قبضہ میں لیکر بوگس بلوں کی تیاری اور کروڑوں روپے کی خورد برد میں ملوث افسروں اور ٹھیکیداروں کی گرفتاری کا پلان بنالیا ،سکینڈل سامنے آنے پر انتظامی امور متاثر
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن میں کرپشن اور بدعنوانی کے متعدد کیسز سامنے آنے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا،اینٹی کرپشن نے میونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی کاموں ،بلوں کی ادائیگیوں اور پراپرٹیز لیز پر دینے کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا جبکہ میونسپل کارپوریشن کے دیگر افسر وملازمین تاحال غائب ہیں ، کرپشن سکینڈل سامنے آنے پر میونسپل کارپوریشن کے انتظامی امور بھی متاثر ہونے لگے ، لینڈ انکروچمنٹ عملہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کیلئے مشینری کرایہ پر لینے کے سینکڑوں بوگس بل بھی تیار کئے گئے اور کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ،میونسپل کارپوریشن کے نئے چیف آفیسر نے بھی تاحال چارج نہیں سنبھالا تاہم آج چارج سنبھالنے کا امکان ہے ، سابق چیف آفیسر حیدر چٹھہ کی گرفتاری کے بعد آئی برانچ اور آر برانچ کے افسر وں وملازمین کے گرد گھیراتنگ کیا جارہاہے ، اینٹی کرپشن نے ریکارڈ قبضہ میں لیکر ملوث ملازمین اور ٹھیکیداروں کی گرفتاری کیلئے پلان تیار کر لیا ، کارپوریشن کے افسروں پر من پسند ٹھیکیداروں کو نوازکر کروڑوں روپے خورد برد کرنے کا الزام ہے ۔