پھندے سے جاں بحق خاتون کے قاتل سسرالی نکلے
شوہر اور سسرالیوں نے تشدد کے بعد خاتون کو موت کے گھاٹ اتارا ، مقدمہ درج
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پھندے سے جاں بحق ہونے والی خاتون کے قاتل سسرالی نکلے ،مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں سسرالیوں کے خلاف پولیس تھانہ سوہدرہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ کوٹ شاہ محمد کی رہائشی خاتون اور نجی تعلیمی ادارہ کی ٹیچر کے پھندا لے کر جا ں بحق ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس پر مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں سسرالیوں جن میں خاتون کے شوہر ،جیٹھ، دیور،نند،ساس کے خلاف تھانہ سوہدرہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا خاتون کے بھائی نے الزام لگایا کہ میری ہمشیرہ کے سسرال والے اکثر اور بیشتر تشدد کا نشانہ بناتے تھے جس کے متعلق آگاہ کرتی رہتی تھی لیکن پھر معاشرتی رسم ورواج کی وجہ سے اپنا گھر بچانے کی خاطر یہ ظلم و تشدد برداشت کرتی رہی اسی کی تنخواہ سے گھر کے اخراجات چلتے تھے وقوعہ کے روز ہمیں اطلاع ملی کہ اس کے سسرال والے تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں جس پر بھائی شہباز سکنہ محلہ چودھریاں سوہدرہ فوری طور پر ہمشیرہ کے گھر پہنچا ، مداخلت کی تو سسرالیوں نے کہا کہ یہ ہمارا گھر یلو معاملہ ہے آپ چند منٹ باہر رکیں ہم آپس میں معاملہ طے کر لیتے ہیں ، بہن کا گھر بچانے کی خاطر ہم باہر آگئے چند منٹ بعد چیخ و پکار کی آواز سن کر اندر گئے تو دیکھا کہ ظالموں نے پھنداڈالا ہوا تھا اور میری ہمشیرہ جاں بحق ہو چکی تھی، ملزم ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے فرار ہو گئے ، پولیس نے خاتون کے بھائی ندیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔