ایف آئی اے کی کارروائی ،ہنڈی کے کاروبار میں ملوث تین ملزمان گرفتار
کراچی(آن لائن ) ایف آئی اے کمرشل سرکل بینکنک کراچی نے حوالہ/ہنڈی کے کاروبار میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کی نگرانی میں کی گئی۔
انکوائری نمبر 45/2026 کی بنیاد پر گلستان اقبال کراچی میں واقع ایم/ایس انفینیٹی بلڈرز کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران محمد جمال خان، علی عرفان اور محمد اسد صدیقی کو حراست میں لیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان اسٹیٹ بینک کی اجازت کے بغیر غیر قانونی طور پر امریکی ڈالر کی خرید و فروخت اور حوالہ/ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پائے گئے ۔ملزمان کے قبضے سے 28,000 امریکی ڈالر اور تین موبائل فون برآمد ہوئے ، جن میں واٹس ایپ چیٹس کے ذریعے غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت کے شواہد موجود ہیں۔ تمام برآمد شدہ رقم اور دیگر شواہد قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔