غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں ، سمندری روڈ پر4دفاتر سیل
ڈویلپرزاپنے ذمہ واجبات فوری طور پر ادا کریں : ایف ڈی اے کی ہدایت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر نادہندہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سمندری روڈ پر چار نادہندہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے دفاتر کو سیل کر دیا۔ڈویلپرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجبات فوری طور پر ادا کریں اور ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کے لیے تمام قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کریں، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم بعض ہاؤسنگ سکیموں کے نادہندہ ڈویلپرز سے بقایا جات کی وصولی کے لیے سرگرم عمل ہے ۔