ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین،وارڈنز غائب
بوسن روڈ پر بدترین صورتحال، روزہ کی حالت میں ہزاروں شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے ، پولیس نے سیداں والا بائی پاس چاروں جانب سے بند کردیا شہری 11سے 2بجے تک ٹریفک کے اژدھام میں رہے ، ناقص حکمت عملی پر شہری سراپا احتجاج، مذہبی جماعت کے احتجاج سے صورتحال سنگین ہوئی، پولیس کا موقف
ملتان (کرائم رپورٹر)ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث گزشتہ روز بوسن روڈ پر بدترین ٹریفک جام نظر آیا 2 گھنٹے تک ہزاروں گاڑیاں و موٹر سائیکل، رکشہ ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔روزے کی حالت میں شہری شدید اذیت اور غصے میں نظر آئے ۔ بوسن روڈ پر ایک مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کیا جانا تھا جس کی وجہ سے پولیس نے سیداں والا بائی پاس چوک کو چاروں اطراف سے بند کردیا۔ جبکہ ماڈل ٹاؤن سے سیداں والا بائی پاس بھی بیریئر لگا کر بند کر دیا جمعہ کا دن ہونے کے باعث بچوں کو سکول سے جلدی چھٹی ہونا تھی۔11 بجے سے لے کر دو بجے تک شہری بچوں کو لے کر ٹریفک کے اژدھام میں پھنسے رہے جبکہ ملتان پولیس کی ناقص حکمت اسی بات سے ثابت ہوتی ہے کہ اس بارے نہ تو شہریوں کو بتایا گیا کہ ایک دن کے لئے سکول بند کر دیئے جاتے ہیں جبکہ ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹی نہ لگائی گئی ۔ٹریفک میں پھنسے شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر کوئی احتجاجی مظاہرہ تھا تو ایک روز قبل ہمیں مطلع کیا جاتا تاکہ ہم بچوں کو سکول ہی نہ بھیجتے ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی کئی جامع پلان نہ ہونے پر شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔