گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ ، شہری خوفزدہ
آئے روز آگ لگنے ، سلنڈر پھٹنے اور دھماکوں کے واقعات کے با وجود محکمے کوئی کا رروائی نہیں کرتے ،بعض اہلکاروں پر نذرانے وصول کرنے کے بھی الزامات
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر کے مختلف چوک چوراہوں، بازاروں، مارکیٹوں اور مین شاہراہوں پر گیس سلنڈرز کی غیرقانونی خرید و فروخت اور ریفلنگ کا دھندہ بدستور جاری ہے ۔ شہریوں کے مطابق متعلقہ ادارے اس خطرناک کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیرقانونی گیس ریفلنگ پوائنٹس پر آئے روز آگ لگنے ، سلنڈر پھٹنے اور دھماکوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جن میں شہری زخمی ہونے کے ساتھ قیمتی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، تاہم اس کے باوجود کارروائیاں مبینہ طور پر نہ ہونے کے برابر ہیں۔
ریلوے اسٹیشن، جی ٹی ایس چوک، راجباہ روڈ، بٹالہ کالونی، غلام محمد آباد، مدینہ ٹاؤن، سمن آباد روڈ، وارث پورہ، ڈی ٹائپ کالونی روڈ، کالج روڈ، جھنگ روڈ، ڈجکوٹ روڈ، آئرن مارکیٹ، علامہ اقبال کالونی روڈ، جھمرہ روڈ، سرگودھا روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ اور رضا آباد روڈ سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں بااثر عناصر مبینہ طور پر غیرقانونی گیس ریفلنگ کا کاروبار کر رہے ہیں۔رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات پر قائم ان دکانوں کی وجہ سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز حادثات کے باوجود انتظامیہ مبینہ طور پر سنجیدہ کارروائی نہیں کر رہی جبکہ بعض اہلکاروں پر نذرانے وصول کرنے کے الزامات بھی لگائے جاتے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس سلنڈرز کی غیرقانونی ریفلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ممکنہ حادثات سے شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے ۔