مہذب معاشرے میں خواتین ریڑھ کی ہڈی،خالد مقبول
ملک بنانے سے لے کر بچانے تک خواتین کا کردار ناقابلِ فراموش ہےخواتین کو مختلف سماجی اور معاشی رکاوٹوں کا سامنا ہے ،چیئرمین ایم کیوایم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کسی بھی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ملک بنانے سے لے کر بچانے تک خواتین کا کردار ناقابلِ فراموش ہے ، پاکستان کی خواتین نے تعبیر ،تعمیر ،تعلیم، معیشت سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی محنت صلاحیت اور عزم سے نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ قومی ترقی کے سفر میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان سمیت دنیا کے کئی معاشروں میں خواتین کو آج بھی تعلیم روزگار صحت تحفظ اور مساوی مواقع کے حصول میں مختلف سماجی اور معاشی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے قوانین تو موجود ہیں مگر ان پر مؤثر اور سنجیدہ عملدرآمد نہ ہونے کے باعث خواتین کو ہراسانی استحصال اور عدم تحفظ جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ علاوہ ازیں خالد مقبول صدیقی نے خدمتِ خلق فانڈیشن کے مرکزی امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی کیمپ میں بڑی تعداد میں سامان جمع کیا گیا ۔