امریکہ و اسرائیل کے ایران پر حملے کیخلاف احتجاجی مظاہرے

امریکہ و اسرائیل کے ایران پر حملے کیخلاف احتجاجی مظاہرے

حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی:مقررین

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایران کے عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکہ و اسرائیل کی دہشتگردی کے خلاف پر امن مظاہرے کیے گئے جس میں مختلف مکاتبِ فکر، مذہبی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی، جماعت اسلامی کے کارکنوں ، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، امریکہ اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ امریکہ و اسرائیل کی دہشتگردی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرنماز جمعہ کے بعدگوجرانوالہ شہر کے 10مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، مرکز اسلامی پنڈی بائی پاس،اسلامک سنٹر سیٹلائٹ ٹائون، باغبانپورہ چوک و دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرہ کیے گئے ۔مقررین  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی تاریخ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے بھری پڑی ہے ، ہم ایران کیخلاف بلااشتعال کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں ، امریکا اور اسرائیل نے ایک بار پھر خود کو دہشت گرد ریاستیں ثابت کیا ہے یہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں