امریکہ ‘ اسرائیل کی جارحانہ پالیسیاں امن کیلئے خطرہ :مولانا عابد
عالمی برادری خطے میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرے :سردار عبدالرزاق
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا )ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے خلاف نوشہرہ ورکاں میں جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین اور مصطفائی تحریک کے زیر اہتمام الگ الگ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جو بعد ازاں میلادِ مصطفی چوک میں یکجا ہو گئیں، جہاں شرکا نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کی جماعت اسلامی کی ریلی جماعت اسلامی آفس، مجلس وحدت المسلمین کی ریلی حیدریہ مسجد جبکہ مصطفائی تحریک کی ریلی مصطفائی مرکز سے شروع ہوئی تینوں جماعتوں کے کارکن اور شہری بڑی تعداد میں احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے میلاد مصطفیٰ چوک پہنچے جہاں احتجاجی اجتماع منعقد کیا گیااجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عابد حسین عابدی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسیاں خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو متحد ہو کر امتِ مسلمہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔سردار عبدالرزاق نے خطاب میں کہا کہ ایران پر حملے دراصل پوری امت مسلمہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہیں لیکن مسلمان کسی بھی جارحیت کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرے محمد اقبال قاسم نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلم ممالک کے خلاف اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں ۔صدر پریس کلب راشد محمود خاور نے کہا کہ مسلم امہ کو فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر مشترکہ دشمن کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امت کی یکجہتی ہی ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کا راستہ ہے اجتماع کے شرکا نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں مؤثر کردار ادا کریں۔