کے ڈی اے ملازمین کی تنخواہیں، پنشن فوری ادا کرنیکی ہدایت
وزیر بلدیات کی زیرصدارت اجلاس،واجبات کی ادائیگی کیلئے قرض لینے کی تجویززمینوں سے تجاوزات ختم کرکے پلاٹس نیلامی کیلئے پیش کئے جائیں، ناصر حسین
کراچی(این این آئی)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ادارہ ترقیات کی 1199 ویں گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ادارے کے مختلف انتظامی، مالی اور ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیر بلدیات نے کہا کہ ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ واجبات کی ادائیگی کیلئے حکومت سندھ سے قرض کی مد میں رقم حاصل کی جائے ، جسے بعد ازاں ادارہ واپس کر سکتا ہے ۔ڈی جی کے ڈی اے نے بتایا کہ ادارے کے واجبات سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر بھی واجب الادا ہیں۔ اس پر وزیر بلدیات نے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جو ان واجبات کا ازسرِ نو جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
اجلاس میں ڈی جی کے ڈی اے نے بتایا کہ ادارہ مستقبل میں اپنی زمینوں پر قابضین کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے ۔ وزیر بلدیات نے ہدایت دی کہ پہلے تمام پلاٹس سے تجاوزات کا خاتمہ کرایا جائے اور بعد ازاں انہیں نیلامی کیلئے پیش کیا جائے ۔ انہوں نے سرجانی ٹان میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔گورننگ باڈی اجلاس میں ڈائریکٹر لیگل کی پوسٹ کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ کے ڈی اے میں ریکارڈ کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔