زکریا یونیورسٹی میں ذہنی صحت سے آگاہی سیمینار
نوجوانوں میں ذہنی دباؤ بڑھ رہا، طلبہ متوازن زندگی اختیار کریں، ماہرین
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (آئی ایم ایس) میں ذہنی صحت سے آگاہی کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد نوجوانوں اور طلبہ میں ذہنی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ سیمینار میں کلینیکل سائیکالوجسٹ منیزہ بٹ مہمانِ خصوصی تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آئی ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر محمد نعمان عباسی نے کہا کہ نوجوانوں میں ذہنی صحت کے مسائل میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جو تشویش کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی دباؤ، سماجی توقعات اور ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث طلبہ میں ذہنی دباؤ اور بے چینی بڑھ رہی ہے ۔ڈاکٹر نعمان عباسی کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے آگاہی سیمینار طلبہ میں شعور بیدار کرنے اور انہیں بروقت رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ متوازن طرز زندگی اپنائیں، جسمانی سرگرمیوں کو معمول کا حصہ بنائیں اور مثبت سماجی تعلقات قائم رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل کو دبانے کے بجائے اساتذہ، دوستوں یا ماہرین سے کھل کر بات کریں۔