جماعت اسلامی وہاڑی کی ایران کے حق میں احتجاجی ریلی
امریکی و اسرائیلی دہشتگردی کی انتہا، امہ کو متحد ہوکر جوا ب دینا ہوگا، مقررین
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ایران پر جاری امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی وہاڑی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ضلعی امیر جماعت اسلامی چوہدری طارق محمود نے کی۔ شرکاء نے ایران کے حق میں اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔مقررین نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے اور امت مسلمہ کو متحد ہو کر دشمنوں کو جواب دینا ہوگا۔ ریلی کا مقصد ایرانی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنا اور عالمی برادری کی توجہ امریکی و اسرائیلی مظالم کی جانب مبذول کرانا تھا۔اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سید جاوید حسین شاہ، حاجی طفیل وڑائچ، پروفیسر راؤ فرمان کوثر، علی احمد صابر، ملک مقصود اطہر اعوان، راؤ عمر نفیس، علامہ راؤ منور حسین اور محمد شکیل بھی موجود تھے ۔ ریلی کے اختتام پر شہداء اور ایران کی نئی قیادت کے لیے دعا کی گئی۔