منڈی بہا ئو الدین:یو م شہادت حضر ت علی ؓپر سکیور ٹی اجلاس
مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے :ڈی سی ، ڈی پی او
منڈی بہا ئو الدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبد الرحیم شیرازی کی زیر صدارت شیعہ علما کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حضرت علیؓ کی شہادت کے موقع پر ضلع میں سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے ، جلوسوں اور مجالس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حضرت علیؓ کے یومِ شہادت کے موقع پر ضلع بھر میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبد الرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کئے جائیں گے ۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر صفائی ستھرائی، روشنی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔