جنگی صورتحال میں پاکستان کا کردار مثبت رہا :جہانگیر قادری
کچھ لوگ بیانات کے ذریعے عوام میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں:ضلعی صدر سنی تحریک
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ضلعی صدر پاکستان سنی تحریک سیالکوٹ اور چیئرمین سنی ایکشن کمیٹی جہانگیر قادری نے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران پاکستان نے انتہائی ذمہ دارانہ، مثبت اور متوازن کردار ادا کیا جس میں فیلڈ مارشل کی قیادت قابلِ تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب خطے میں ایران، سعودی عرب، قطر اور دیگر ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہوئے اور مختلف نوعیت کی کارروائیوں اور میزائل حملوں کی خبریں سامنے آئیں، اس وقت پاکستان نے کسی بھی جنگ کا حصہ بننے کے بجائے دانشمندی، صبر اور سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے امن کو ترجیح دی۔جہانگیر قادری کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایک مدبر اور ذمہ دار قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف صورتحال کو سمجھداری سے سنبھالا بلکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کیا۔انہوں نے اہلِ تشیع علما کے وفد سے ہونے والی ملاقات کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات احترام، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے ماحول میں ہوئی جس کا مقصد ملک میں اتحاد کو فروغ دینا تھا نہ کہ کسی قسم کا اختلاف یا انتشار۔تاہم جہانگیر قادری نے سوشل میڈیا پر بعض بیانات اور ویڈیوز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر جو حالیہ صورتحال یا اس ملاقات کو بنیاد بنا کر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے بالخصوص علامہ راجہ ناصر عباس سمیت ان افراد کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا جنہوں نے اس معاملے کو سوشل میڈیا پر متنازع بنانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا یہ افسوسناک ہے جب ملک کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے ، کچھ لوگ اپنے بیانات کے ذریعے عوام میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں۔