پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز ریفارمز پر عملدرآمد کی منظوری
ایف ڈی اے سٹی میں 284 رہائشی پلاٹس فیسکو کو فروخت کرنے کی بھی منظوری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارتایف ڈی اے گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز2021ء میں ریفارمز پر عملدرآمد کی منظوری دیدی گئی جو صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سربراہی میں کابینہ سب کمیٹی کی مرتب کردہ سفارشات کے تحت پنجاب کابینہ کی طرف سے منظور کی گئیں ۔ یہ اصلاحات پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے عمل بعد از منظوری کے عمل اور غیرقانونی سکیموں کو ریگولر کرنے سے متعلق وضع کی گئی ہیں۔
اجلاس میں ایف ڈی اے سٹی میں 284 رہائشی پلاٹس کو قرعہ اندازی کے ذریعے چار سالہ اقساط میں عام شہریوں کو فروخت کرنے کی بجائے یہ پلاٹس فیسکو کو فروخت کرنے کے معاملے پر غور و خوض کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے پنجاب کابینہ کی طرف سے منظوری کی جانیوالی ہاؤسنگ ریفارمز کی تفصیلات سے آگا ہ کیا اور موجودہ حالات کے تناظر میں ہاؤسنگ سکیموں کے معاملات میں شفافیت اور قوانین میں اصلاحات کو بے حد مفید اور موزوں قرار دیا۔
انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب284 رہائشی پلاٹس کو فیسکو کو فروخت کرنے کے سے متعلق ادارہ جاتی فوائد اور طریقہ کار کے بارے میں بھی آگا ہ کیا۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے لئے لیگل فریم ورک کو مزید جامع، منظم اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پنجاب کابینہ کی طرف سے منظور کردہ اصلاحات کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ ان پر ٹھوس انداز میں عملدرآمد سے آئندہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔