مون سون کے پیش نظر اسلام آباد میں صفائی مہم شروع
کورنگ نالے سمیت شہر بھر کے تمام نالوں میں صفائی کا عمل مکمل مہم کا مقصد مون سون کے دوران نکاسی آب کے عمل کو آسان بنانا ،ڈی سی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) مون سون کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شہر بھر میں صفائی مہم شروع کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تمام علاقوں میں یہ مہم جاری ہے جس کا مقصد مون سون کے دوران نکاسی آب کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مون سون صفائی مہم کے تحت مختلف نالوں کی صفائی کی گئی ہے۔ کورنگ نالے سمیت شہر بھر کے تمام نالوں میں صفائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
مہم کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے شہر بھر میں مین ہولز کا بھی معائنہ کیا تاکہ بارشوں کے دوران پانی کے نکاس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ مہم کا مقصد مون سون کے دوران نکاسی آب کے عمل کو آسان بنانا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام نالوں کی صفائی کے حوالے سے یہ مہم آئندہ چند روز بھی جاری رہے گی۔