بارش کی پیشگوئی:کمشنر کی تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

بارش کی پیشگوئی:کمشنر کی تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ریسکیو ہیلپ لائن فعال، ڈپٹی کمشنرز و متعلقہ محکمے تیاری یقینی بنائیں ، حسن نقوی ایڈیشنل آئی جی، واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک کو تحریری حکم نامہ بھی جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں بدھ سے ہونے والی متوقع بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنر ز اور مختار کار وں سمیت متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ا نہوں نے کہا ہے کہ بارشوں کے نقصانات سے بچنے شہریوں کو تکلیف سے بچانے اور بحالی کے کاموں کے لئے اپنے اپنے اداروں کے بارشوں سے متعلق ہنگامی منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے مکمل طور پر تیار رہیں ۔تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے ہنگامی منصوبوں کی تفصیلات کمشنر آفس میں جمع کرادیں۔

کمشنر نے شہریوں کی مدد آگاہی اور اداروں کے درمیان رابطے کے لئے کمشنر آفس میں قائم ریسکیو ہیلپ لائن کو رین ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے الرٹ کر دیا ہے۔شہری کسی بھی مدد اور آگاہی کے لیے اور ادارے رابطے کے لئے ریسکیو ہیلپ لائن 1299 پر رابط کر سکیں گے ۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دفاتر میں قائم کنٹرول روم کو رین ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے متحرک کر دیں اور فوری طور پر ہیلپ ڈیسک قائم کر یں۔ کمشنر نے ایڈیشنل آئی جی ، ڈی آئی جی ٹریفک، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی صوبائی سیکرٹری ہیلتھ،واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک کو تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں