ٹوٹی دیواریں، کوڑے کے ڈھیر، سیوریج کا پانی، لدھیوالہ سٹیڈیم جوہڑ بن گیا

ٹوٹی دیواریں، کوڑے کے ڈھیر، سیوریج کا پانی، لدھیوالہ سٹیڈیم جوہڑ بن گیا

چاردیواری نہ ہونے کے با عث لوگوں نے فلتھ ڈپو بنا لیا ،اینٹیں بھی چوری ، گوالے مویشی باندھنے لگے ، کرکٹ اور کبڈی کے کھلاڑی پر یکٹس سے محروم ،سٹیڈیم کی فوری مرمت کا مطالبہ

لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی)ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے با عث لدھیوالہ سٹیڈیم جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگا جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ٹوٹی پھوٹی دیواریں انتظامی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت بن گئیں ،نشیؤں کی ٹولیوں نے ماحول مزید خراب کر دیا ۔تفصیل کے مطابق نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز رہنے والا لدھیوالہ سٹیڈیم بدحالی کی انتہا کو پہنچ چکا ہے ، سیوریج کا پانی جگہ جگہ کھڑا ہونے سے جوہڑکی شکل اختیار کرنے والے سٹیڈیم میں قریبی لوگوں نے کوڑے کے ڈھیر لگا دئیے ہیں یہی سٹیڈیم قومی کرکٹر حسن علی اور انٹر نیشنل کبڈی پلیئر حمزہ گجر کی تربیت گاہ بھی رہا ،کئی کھلاڑیوں نے صلاحیت کا لوہا منوایا مگر موجودہ صورتحال میں کبڈی و دیگر کھیلوں کے کھلاڑی پریکٹس سے محروم ہیں۔ اہل علاقہ عطا الرحمن وڑائچ ،نوید انور ،قیصر سیٹھی و دیگر کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم کی چاردیواری ٹوٹ چکی ،لوگ اینٹیں چوری کر کے لے جا چکے ہیں ، لوگ مویشی باندھتے ہیں ۔شہریوں اور کھلاڑیوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیڈیم کو مرمت کر کے کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے بحال کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں