برائلر گوشت ایک ہی روز 60 روپے مہنگا
سرکاری ریٹ نظرانداز، فی کلو کی قیمت 600 روپے سے تجاوز، 1000 گرام کے بجائے 900 گرام دینے کابھی انکشاف،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس چکن مافیا کیخلاف کارروائی میں ناکام
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) عید الفطر گزرنے کے بعد ایک ہی روز میں برائلر مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت میں 60روپے سے زائد اضافہ کردیا گیا، قیمت 600روپے کلو سے بھی تجاوز کر گئی۔ دکانداروں نے برائلر مرغی کا گوشت سرکاری ریٹ کے مطابق فروخت کرنے کی بجائے من چاہی قیمتیں مقرر کر لیں جبکہ ہزار گرام گوشت کی قیمت وصول کرنے کے بعد صارفین کو 900گرام گوشت دیا جا رہا ہے ۔ صورتحال سے متعلق متعدد شکایات سامنے آنے کے باوجود بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ ادارے حالات کنٹرول کرنے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں عید الفطر گزرنے کے بعد ایک ہی دن میں چکن مافیا نے مبینہ طور پر برائلر مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت میں 60روپے سے زائد اضافہ کردیا ہے ۔ ماہ مقدس کے آخری عشرے کے دوران پہلے ہی ناجائز منافع خوروں کی جانب سے قیمت میں تقریباً 100 روپے سے زائد اضافہ کیا گیا تھا، لیکن اب مزید 60روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔سرکاری طور پر جاری ریٹ لسٹ کے مطابق گزشتہ روز مرغی کے گوشت کی قیمت 569روپے اور وزن ہزار گرام مقرر کیا گیا تھا۔
لیکن مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق ہزار گرام مرغی کے گوشت کی فروخت 569روپے کی بجائے 600روپے سے زائد وصول کی جاتی رہی اور وزن بھی پورا ہزار گرام فراہم کرنے کی بجائے مبینہ طور پر 900گرام دیا جاتا رہا۔ایسی متعدد شکایات سامنے آنے کے باوجود انتظامیہ بااثر عناصر کے خلاف کارروائیاں نہ کر سکی بلکہ مبینہ طور پر ان سے نذرانے وصول کرکے خاموشی اختیار کی جا رہی ہے ۔ شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف مرغی کے گوشت کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے بلکہ سرکاری ریٹ لسٹوں کے مطابق اس کی فروخت کو یقینی بنانے کے ساتھ ہزار گرام گوشت کی دستیابی ممکن بنانے کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔