ناقص کارکردگی ٹھیکیداروں ایکسین کیخلاف کاروائی کا عندیہ

ناقص کارکردگی ٹھیکیداروں ایکسین کیخلاف کاروائی کا عندیہ

کمشنر نے کلائنٹ ڈیپارٹمنٹس سے سکیموں کی پیشرفت اور کام کے معیار کے حوالے سے تفصیلی استفسار کیا ، مختلف مقامات پر کام کی سست رفتار پر برہمی کا اظہار بعض سکیموں میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار ،مجموعی طور پر 124 نئی سکیموں پر کام جاری،سرگودھا میں 45، خوشاب میں 19، میانوالی میں 32 سکیمیں شامل

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا کا ترقیاتی سکیموں کی سست روی پر اظہار برہمی ،ناقص کارکردگی پر ٹھیکیداروں اور ایکسین کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیدیا، تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع میں محکمہ بلڈنگ کی جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 124 جاری و نئی سکیموں پر کام جاری ہے ، جن میں ضلع سرگودھا میں 45، خوشاب میں 19، میانوالی میں 32 جبکہ بھکر میں 28 سکیمیں شامل ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں سکیموں کی مجموعی لاگت، اب تک ہونے والے اخراجات اور موجودہ سٹیٹس سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ جاری سکیموں کے لیے مختص فنڈز کا 61 فیصد جبکہ نئی سکیموں کے لیے 54 فیصد فنڈز خرچ ہو چکے ہیں۔

کمشنر نے کلائنٹ ڈیپارٹمنٹس سے سکیموں کی پیشرفت اور کام کے معیار کے حوالے سے تفصیلی استفسار کیا اور مختلف مقامات پر کام کی سست رفتار پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکسین بلڈنگ کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے ناقص کارکردگی کے حامل ٹھیکیداروں کے خلاف ضابطہ کے مطابق کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ سکوپ آف ورک کے مطابق مقررہ مدت میں سکیموں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ کمشنر نے بعض سکیموں میں تاخیر پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ایکسین کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای بلڈنگ امانت علی کے علاوہ سپیشل ایجوکیشن، معدنیات، صحت، پیرا، سوشل ویلفیئر، ایجوکیشن بورڈ، ماحولیات، شکاریات، کالجز اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سمیت دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کمشنر سرگودھا نے پی ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤس اور پیرا دفتر کی سائٹس کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کو تسلی بخش بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سائٹس پر نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں