سزائوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں ہوگا :امیر مقام
بھارتی عدالتیں کشمیریوں کیخلاف مذموم مقاصد کیلئے استعمال ہو رہی ہیں خواتین کو سزا ، بھارت کا اصلی چہرہ دنیا میں بے نقاب ہوگیا ، پریس کانفرنس
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ بھارتی عدالتیں کشمیریوں کے خلاف مذموم مقاصد کے لئے استعمال ہو رہی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ کشمیری رہنمائو ں کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں دی جا رہی ہیں، سزائوں ، بھارتی درندگی کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالتوں نے آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنائی۔ جبکہ فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 30، 30 کی سزا سنائی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اس فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ایسے فیصلوں کومسترد کرتے ہیں، اس سے نظر آ رہا ہے کہ بھارتی عدالتیں آزاد نہیں ہیں ، سزائوں سے بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے ، یہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو دبا دیں گے ،انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان سزائوں کے ذریعے وہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو ختم نہیں کرسکتا۔