غیر قانونی تعمیرات : 24 کمرشل دکانیں ، پلازے سیل

 غیر قانونی تعمیرات : 24 کمرشل دکانیں ، پلازے سیل

پلاننگ برانچ میونسپل کارپوریشن کے تین ہفتوں میں شہر کے 7 کمرشل روڈز پر 318 مالکان کو نوٹسز ،قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے :کمشنروایڈمنسٹریٹر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) پلاننگ برانچ میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران شہر کے 7 اہم کمرشل روڈز پر بغیر نقشہ منظوری کے تعمیرات کرنے والے 318 مالکان کے خلاف دبنگ کارروائیاں کیں اور انہیں نوٹسز جاری کیے ۔ کارروائی کے دوران کینال روڈ ایسٹ اینڈ ویسٹ، بلال روڈ، جیل روڈ، عید گاہ روڈ، سوساں روڈ، سرگودھا روڈ اور لیاقت روڈ پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 24 کمرشل دکانیں اور پلازے سیل کر د یئے گئے ۔کمشنر وایڈمنسٹریٹر راجہ جہانگیر انور نے پلاننگ برانچ کی حالیہ کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہی تسلسل برقرار رکھ کر قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خود سے ڈی سیل کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 9 بلڈنگز کے مالکان نے نقشہ کی منظوری کے لیے درخواستیں جمع کرادی ہیں۔کمشنر نے بلڈنگز انسپکٹرز کی ماہانہ کارکردگی کی جانچ کا حکم دیا اور پلاننگ برانچ کی ری سٹریکچنگ کے لیے ڈیجیٹل ایپلیکیشن متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبہ کو انٹرن شپ پروگرام کے تحت پلاننگ برانچ میں خدمات پیش کرنے کی ہدایت بھی دی اور اس ضمن میں ڈی جی ایف ڈی اے کو سسٹم بنانے کا ٹاسک تفویض کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں