پیرمحل :ڈی سی کا ترقیاتی منصوبوں، ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ
پارکس اور لاری اڈا میں لائٹنگ، صفائی اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت
پیرمحل (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلا نے پیرمحل میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پارکس اور ٹی ایچ کیو ہسپتال لاری اڈا کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر زاہد اقبال، ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر مزمل اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی فاطمہ سلیم بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔ پارکس اور لاری اڈا میں لائٹنگ، صفائی اور دیگر عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پیرمحل کا دورہ کرکے ٹراما سینٹر کو جلد فعال کرنے کی ہدایات دی تاکہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ عمر عباس میلا نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ صفائی برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔