واسا : اپریل میں 425 ملین روپے ریونیو ریکوری ہدف لازم قرار
کمرشل صارفین کی تعداد میں اضافہ کر کے ریونیو ریکوری مزید بڑھائی جائے :ڈائریکٹر
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ریونیو ڈائریکٹوریٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپریل میں ریونیو ریکوری کا ہدف 425 ملین روپے حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا اور ہدایت کی کہ کمرشل صارفین کی تعداد میں اضافہ کر کے ریونیو ریکوری مزید بڑھائی جائے ۔ثاقب رضا نے کہا کہ ڈومیسٹک صارفین کی ریونیو ریکوری تسلی بخش ہے ، تاہم کمرشل صارفین پر فوکس کرتے ہوئے 80 فیصد تک ریکوری ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے سرگودھا روڈ کے اطراف قائم انڈسٹریز پر ٹیرف لگانے کے لیے سٹاف تعینات کرنے اور پہاڑنگ ڈرین میں سیوریج ڈالنے والی تمام صنعتوں کو ریگولر کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں، تاکہ واسا فیصل آباد کے ریونیو میں اضافہ ہو۔
ایم ڈی واسا نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائیٹیز سے بلز اور واجبات ہر صورت وصول کرنے اور واجبات نہ ادا کرنے والی کالونیوں کے این او سیز منسوخ کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے علاقوں میں جہاں بلز کے واجبات التوا کا شکار ہیں، وہاں ون بائی ون کے فارمولے کے تحت بلز بھجوائے جائیں تاکہ صارفین کا بوجھ کم اور محکمہ کا ریونیو بڑھ سکے ۔اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈائریکٹر ریونیو محمد اقبال ملک، عمرافتخار، ڈپٹی ڈائریکٹرز فرحان علی، ظفر اقبال قادری، حافظ معین احمد، پرویز اقبال چدھڑ سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے ۔