سیلاب سے بچاو کیلئے حفاظتی انتظامات کی تکمیل یقینی بنائیں ، ڈپٹی کمشنر
سیلاب سے بچاو کیلئے حفاظتی انتظامات کی تکمیل یقینی بنائیں ، ڈپٹی کمشنر ہر سطح پر مکمل ویجی لینس برقرار رکھی جائے ، علاقے کے تمام اداروں کے حکام کو ہدایت
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ فلڈ سیفٹی اینڈ ریلیف پلان کے جائزہ کے سلسلہ میں خصوصی اجلاس ہوا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی رضا نیاجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے ضلع میں فلڈ سیفٹی اینڈ ریلیف پلان سے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو احکامات جاری کیے کہ وہ اپنے دائرہ کار کے حفاظتی و امدادی انتظامات کی تکمیل ذاتی نگرانی میں یقینی بنائیں تاکہ دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں عوام کے جان و مال کو مکمل اور بروقت تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بھکر غلام محی الدین اسسٹنٹ کمشنر دریا خان رانا شفیق پیرا فورس انچارج مہر سجاد، سی ای او ایجوکیشن شازیہ توصیف ریسکیو افسران سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے مذکورہ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ہر سطح پر مکمل ویجی لینس برقرار رکھی جائے ۔انہوں نے اس امر کی تاکید کی کہ دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں فلڈ وارننگ سسٹم کی فعال ترین کارکردگی یقینی بنائی جائے تاکہ نشیبی علاقوں کے عوام کو بروقت آگاہ کیا جا سکے ۔
انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فلڈ فائٹنگ اور ریلیف سسٹم کی مؤثر کارکردگی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنے وسائل سے بھرپور استفادہ کریں۔علاوہ ازیں دریائے سندھ کے ساتھ فلڈ پروٹیکشن بند کی مضبوطی اور بہتری کو بھی کڑی نگرانی کے تحت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔