ڈی گراؤنڈ پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ ای لائبریری کا افتتاح
شہر کے دوسرے پارکوں میں بھی اسی طرز کی لائبریری قائم کی جائے گی:ڈی سی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شہر کے پارکوں میں کتاب دوست ماحول کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں شہر کے وسط میں واقع ڈی گراؤنڈ پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ پبلک لائبریری شہریوں کے لیے کھول دی گئی ہے ۔ اس سے قبل باغ جناح میں بھی لائبریری فعال ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں کتب بینی کے شوقین پہنچ رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے پارک کا دورہ کرکے لائبریری کے مختلف حصے دیکھے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر اور ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے دیگر پارکوں میں بھی اسی طرز کی لائبریری قائم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی گراؤنڈ پارک میں ای لائبریری کے قیام سے شہری پرسکون ماحول میں مطالعہ اور تحقیق کی سہولت حاصل کر سکیں گے ۔ لائبریری میں ڈیجیٹل اور مینوئل دونوں طرز کی علمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اور انٹرنیٹ، آئی پیڈ اور کمپیوٹرز کے ذریعے تحقیق کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ پارک میں ای لائبریری کا قیام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ اس موقع پر موجود شہریوں اور کتاب دوستوں نے لائبریری کے قیام کو سراہا ۔