غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ، شہریوں کے چولہے ٹھنڈے، ہوٹل مالکان کی چاندی
صبح اور شام کے اوقات میں صارفین کوگیس میسر نہ ہونے سے کھانا پکانے میں مشکلات، کئی مقامات پر کم پریشر کی بھی شکایات، حکام سے فوری نوٹس، اصلاح و احوال کا مطالبہ
ملتان(خصوصی رپورٹر)سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ، شہر خوار ہوگئے ہوٹلوں پر رش لگ گیا تفصیل کے مطابق شہر بھر میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ خصوصاً صبح اور شام کے اوقات میں گیس کی بندش کے باعث گھریلو صارفین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کا رخ ہوٹلوں اور تندوروں کی جانب بڑھ گیا ہے جہاں رش میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے گیس کی بندش معمول بن چکی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ بچوں، بزرگوں اور ملازمت پیشہ افراد کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ متعدد علاقوں میں گھنٹوں تک گیس کی فراہمی معطل رہتی ہے جبکہ بعض مقامات پر پریشر انتہائی کم ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں ذرائع کے مطابق رمضان المبارک کے بعد محکمہ سوئی گیس کی جانب سے باقاعدہ شیڈول جاری کئے بغیر ہی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران گیس کی فراہمی نسبتاً بہتر رہی، تاہم عید کے بعد صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی ہے ۔دوسری جانب ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ گھروں میں گیس کی عدم دستیابی کے باعث صارفین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ، جس کے باعث انہیں بھی دباؤ کا سامنا ہے ۔ تندوروں پر بھی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں ایل پی جی اور لکڑیاں مہنگی ہوچکی ہیں سمجھ نہیں آرہا شہریوں کو کیسے ریلیف دیں شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے یا کم از کم باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام اپنے معمولات زندگی کو بہتر انداز میں ترتیب دے سکیں۔