نالوں میں کچرا پھینکنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیں گے ، میئر
بڑے پیمانے پرصفائی شروع کردی، چوکنگ پوائنٹس کی موثر نگرانی ہوگی، مرتضیٰ وہاب برسات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے میں مدد ملے گی، گفتگو
کراچی(آئی این پی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں نالوں کی صفائی بڑے پیمانے پر شروع کردی، نالوں میں کچرا پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے چوکنگ پوائنٹس پر مؤثر نگرانی کا نظام تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ برسات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے ،شہر کے بڑے نالوں میں پانی کا بہاؤ بہتر ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم برسات کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھرپور اور منظم انداز میں کام کر رہی ہے ، صرف نالوں کی صفائی ہی نہیں بلکہ محکمہ سٹی وارڈنز کے تحت مختلف مقامات پر رین ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جاسکے ، یہ بات انہوں نے جمعرات کوپی آئی ڈی سی ایل، ہجرت کالونی، زہری سمیت دیگر نالوں کا معائنہ اور صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی کو مزید تیز کیا جائے اور جہاں کہیں بھی رکاوٹیں یا کچرا موجود ہو اسے فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ پانی کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، میئر کراچی نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کی شکایت کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔ اس ضمن میں شکایتی مراکز کو بھی فعال رکھا جائے ، میئر کا کہنا تھا کہ وہ خود تمام معاملات کی نگرانی کررہے ہیں اور شہر کی قیادت اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔