امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے سمیت مسائل کے حل کیلئے اقدامات تجویز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان کی زیرِ صدارت ریجنل رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی اوز اور دیگر پولیس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریجنل پولیس کے باہمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے سمیت پولیس سے متعلق دیگر مسائل کے حل کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے ۔
آر پی او محمد شہزاد آصف خان نے باہمی رابطے فعال رکھنے اور تمام حساس مقامات کے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات کے سیکیورٹی انتظامات کو مکمل اور فعال رکھا جائے ، تمام اداروں کے سربراہان اپنے ماتحت پولیس ملازمین کی جان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین، بالخصوص موٹر سائیکل سواری کے دوران ہیلمٹ کے استعمال کی سختی سے پابندی کرائیں۔ کسی بھی جان لیوا ٹریفک حادثے کی صورت میں متعلقہ افسران جائے وقوعہ کا خود دورہ کریں، جبکہ ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے پنجاب ہائی وے پٹرول اور ٹریفک پولیس مل کرمربوط حکمت عملی کے تحت موثر اقدامات کریں۔