واسا کے منصوبوں میں مقررہ ڈیڈ لائنز پر عملدرآمدکاحکم
تاخیر برداشت نہیں ہوگی، عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ،بلال یاسین
سیالکوٹ ،گوجرانوالہ (نمائندہ دنیا،سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے کہا ہے کہ رواں برس کا مون سون واسا سیالکوٹ کیلئے چیلنج ہو گا لہذا تمام منصوبے ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کئے جائیں، تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ہو گی اور روڈ میپ کے مطابق مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ یہ بات انہوں نے دفتر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میں واسا کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے کہی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر ، رکن صوبائی اسمبلی رانا عبد الستار، ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد اور ایم ڈی واسا فیصل شہزاد سمیت متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ بلال یاسین نے کہا رواں برس کا مون سون واسا کیلئے بڑا چیلنج ہے تاہم جدید مشینری اور بہتر حکمت عملی سے مؤثر انداز میں نمٹا جائے گا۔ واسا نے شہر کو تین زونز میں تقسیم کر کے نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے ۔ دو نئے ڈسپوزل سٹیشنز پر کام جاری ہے جس سے پانی کے بہاؤ میں بہتری آئے گی جبکہ اہم سیوریج لائنوں کی اپ گریڈیشن کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور پرانے نظام کی تبدیلی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے اور شکایت سیل کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔