میڈیکل کالج کی بس میں طالبات سے لوٹ مار،آئی جی کا نوٹس

میڈیکل کالج کی بس میں طالبات سے لوٹ مار،آئی جی کا نوٹس

صبح سویرے بہادرآباد پر مسلح ملزمان موبائل و زیورات چھین کر فرار، رپورٹ طلب، متعلقہ ایس ایچ اوکیخلاف کارروائی کا حکم ملزمان کی تلاش شروع، حکومت نے شہر کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا،ایم کیو ایم رہنماسید امین الحق کی شدید مذمت

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) بہادر آباد میں میڈیکل کالج کی طالبات کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا گیا، آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق نیو ٹاؤن تھانے کے علاقے شہید ملت روڈ میڈی کیئرکٹ کے قریب جناح میڈیکل ڈینٹل کالج کی طالبات کو اسلحے کے زورپر لوٹ لیا گیا۔ واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھا کرکے واردات کی تفتیش شروع کر دی۔نیو ٹاؤن پولیس کے مطابق واردات صبح سوا 8 بجے کے قریب انجام دی گئی، میڈیکل کالج کی طالبات کو لینے کیلئے بس حسب معمول آئی تھی لیکن دو نامعلوم مسلح ملزمان نے بس میں سوار ہو کر واردات انجام دی اور 3 طالبات سے موبائل فونز، جیولری اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہوگئے ۔پولیس کے مطابق جس مقام پر بس کھڑی ہوتی ہے اطراف میں سیکیورٹی گارڈ موجود ہوتے ہیں لیکن گزشتہ روز اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھے ۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں کالج کی طالبات سے لوٹ مار کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔متعلقہ ایس ایچ او اور سیکیورٹی پر مامور دیگر متعین عملے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔آئی جی سندھ نے متاثرین اور چشم دیدگواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کی شناخت اور ملوث گروہ کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے رکن و ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق نے کراچی میں جناح میڈیکل یونیورسٹی کے پوائنٹ کو لوٹنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔سید امین الحق نے کہا کہ کراچی میں ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے کراچی کے عوام کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے اور سندھ حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،محسوس یوں ہوتا ہے سندھ حکومت نے کراچی کے عوام کو قاتل ڈمپر مافیا،ٹینکر مافیا اور ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ، دن دہاڑے جناح یونیورسٹی کے پوائنٹ کو لوٹ کر ڈاکوؤں کا فرار ہونا لاقانونیت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ایسا لگتا ہے کہ سندھ حکومت بے حسی کی آخری منزل پر ہے ، یونیورسٹی کے پوائنٹ پر متعدد طالبات سوار تھیں اور ایسے میں ڈکیتوں کا پوائنٹ میں گھس کر لوٹنا انتہائی تشویشناک معاملہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں